بھٹکل:2/ جولائی(ایس او نیوز( موجودہ دور میں ریاست میں فوٹوگرافر حکومت کی طرف سے غفلت کا شکار ہوئےہیں، اس سلسلے میں ضروری اقدامات کی مانگ لےکر سنیچر کو بھٹکل میں تعلقہ فوٹوگرافر سنگھ نے اسسٹنٹ کمشنر کے ذریعے میمورنڈم پیش کیا۔
ایک عام شہری کو سماجی سطح پر جو تحفظات میسر ہیں وہ سب ایک فوٹوگرافر کو بھی ملنے چاہئے۔ جہاں جہاں ویب کام نصب کئے گئے ہیں وہاں سب پیشہ ورانہ فوٹوگرافروں کو موقع فراہم کریں۔ جو سرکاری ملازم ، پارٹ ٹائم کے طورپر فوٹوگرافر کے پیشے سے وابستہ ہیں ان سب کو ملازمت سے برخاست کیاجائے۔ تمام بینکوں سے انہیں کم شرح سود پر قرضہ جات کی اسکیم جاری کی جائے۔ مکمل طورپر محنت مزدور ی پر منحصر فوٹوگرافی پیشہ کو محکمہ تحصیل سے تعاون ملے اور اس صنعت کا ٹیکس سے باہر رکھا جائے۔ فوٹو اور ویڈیوگرافر کو خود کاایک گھر بنانے کے لئے جگہ فراہم کرتے ہوئے انہیں سہولت بخشنے سمیت کئی ایک مانگوں کا میمورنڈم میں ذکر کیا گیا ہے۔ بھٹکل اے سی چدانند وٹارے نے میمورنڈم وصول کیا۔ اس موقع پر فوٹوگرافر سنگھ بھٹکل کے صدر راجیش این ہری کانت، رمیش نائک، راگھویندر این، دتاتریہ شٹی، دیوندر نائک، ایشورنائک، منجونائک، کرن شانبھاگ وغیرہ موجود تھے۔ اس سے قبل سنگھ کے ممبران نے احتجاجی ریلی نکالی ۔